بہاول پور (نیوز ڈیسک) تاریخی و علمی روایات کے حامل گورنمنٹ صادق ایجرٹن گریجویٹ کالج بہاولپور کے قیام کے 140 سال مکمل ہونے پر سالگرہ کی تقریبات کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں کالج میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران کالج کی 140ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جبکہ تقریبات کا سلسلہ 31 دسمبر 2026ء تک جاری رہے گا۔
تقریب کی صدارت کالج کے پرنسپل ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد نے کی، جبکہ ڈائریکٹر کالجز بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر رانا شرافت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز تسلیم عالم اور وائس پرنسپل پروفیسر دیوان محمد آصف مہمانانِ اعزاز تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر عشرت نورین نے انجام دیے۔
اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد نے کہا کہ کالج کی 140ویں سالگرہ منانے کا مقصد ادارے کی شاندار تاریخ، علمی خدمات اور قدیم روایات کو اجاگر کرنے کے ساتھ طلبہ میں اپنے تعلیمی ادارے سے وابستگی کے احساس کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مختلف علمی، ادبی، ثقافتی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا، جو 31 دسمبر 2026ء تک جاری رہیں گی۔
تقریب سے ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد، ڈاکٹر رانا شرافت علی، تسلیم عالم اور پروفیسر دیوان محمد آصف نے بھی خطاب کیا اور کالج کی 140 سالہ تعلیمی و علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ گورنمنٹ صادق ایجرٹن گریجویٹ کالج بہاولپور خطے کا ایک اہم تاریخی تعلیمی ادارہ ہے، جس نے کئی نسلوں کی علمی، فکری اور اخلاقی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارے کی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا، جبکہ اختتام پر کالج کی مزید ترقی، کامیابی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ سالگرہ کی تقریبات کے آئندہ پروگراموں کا مقصد ادارے کی تاریخی وراثت اور علمی خدمات کو اجاگر کرنے کے ساتھ نئی نسل کو کالج کی تاریخ اور تعلیمی روایات سے روشناس کرانا ہے۔