بہاولپور(نیوز ڈیسک)بہاولپور میں پیغامِ پاکستان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع تحفظِ حرمین شریفین، مذہبی ہم آہنگی، احترامِ انسانیت، منبر و محراب اور مدارسِ دینیہ کا کردار، معاشرے میں نوجوانوں کا کردار اور پیغامِ پاکستان کا فروغ تھا۔ اس کانفرنس کا مقصد عالمی امن کے قیام میں پاکستان کے کردار، معرکۂ حق کی کامیابی، دفاعِ حرمین شریفین کے لیے سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے مابین باہمی دفاعی معاہدے، پاکستان میں قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی، فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے خاتمے اور پاکستان کے عظیم بیانیے پیغامِ پاکستان کی آواز ہر گھر تک پہنچانے کو اجاگر کرنا تھا۔ جبکہ کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور اُمتِ مسلمہ کے ہیرو اور سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی عالمی سطح پر عظیم امن خدمات کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔
کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیتِ ہلال کمیٹی پاکستان، خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور اور سفیرِ امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے فرمائی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر صدر حمزہ احتشام اور اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین موجود تھیں۔ کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور سماجی شخصیات نے شرکت و خطاب کیا، جن میں مفتی فتح محمد راشدی، علامہ مختیار احمد ندیم، قاضی عبدالغفار قادری، علامہ محمد رشید ترابی، پیر سید سعادت علی شاہ، مولانا یوسف کھوسہ، قاری وقار احمد عثمانی، مفتی سید عاشق حسین شاہ، مولانا عبدالستار نیازی، پیر مسعود قاسم قاسمی، مفتی عبداللطیف، علامہ ارشد عابدی، مفتی محمد احمد، مفتی شفیق احمد اعوان، مولانا عبدالستار نیازی، مولانا عبیداللہ قادری، میاں اجمل عباس، قاری عمر بن عبدالعزیز، حاجی غلام حسین محمدی، مولانا ریاض احمد اویسی، مولانا سیف الرحمن بہلوی، مولانا سہیل صدیقی، مفتی محمد جاوید مصطفی، اللہ بخش کلیار، مولانا عبدالرؤف ربانی، ڈاکٹر حمید اللہ خاکوانی، خواجہ محمد ادریس، سردار نجیب اللہ خان، مولانا احسان اللہ راحت اور دیگر علمائے کرام و امن کمیٹی کے ممبران شامل تھے۔
سفیرِ امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان عالمِ اسلام کا قلعہ ہے، پاکستان کی سلامتی، تحفظ اور دفاع کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں، مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔ فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ علمائے کرام و مشائخ عظام منبر و محراب کے ذریعے احترامِ انسانیت، مذہبی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور پیغامِ پاکستان کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان کا دفاع ہر آنے والے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہا ہے۔ ہمیں اپنی قیادت اور افواجِ پاکستان پر ناز ہے، جنہوں نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حرمین شریفین کے دفاع کے لیے سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، اُمتِ مسلمہ کے عظیم ہیرو فیلڈ مارشل حافظ جنرل سید عاصم منیر اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں مکہ باہمی دفاعی معاہدہ پوری اُمتِ مسلمہ کی آواز ہے۔ حرمین شریفین کے دفاع کے لیے مکہ دفاعی معاہدہ پوری اُمتِ مسلمہ کی وحدت اور حرمین شریفین کے تحفظ کا ضامن ہے۔ سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملے قابلِ مذمت ہیں۔ سعودی عرب پر حملہ عالمِ اسلام پر حملہ ہے۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستانی قوم اور حکومتِ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور حرمین شریفین کے تحفظ و دفاع کے لیے سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے۔ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی افواجِ پاکستان اور پوری قوم کی اولین ترجیح ہے۔ منبر و محراب اور مدارسِ دینیہ کا کردار ہمیشہ ملک کی سلامتی و قومی یکجہتی کے لیے بڑا عظیم رہا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے۔
کانفرنس کے آخر میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور دیگر شرکاء نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور اسلام زندہ باد، پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے پورا ہال گونج اٹھا۔ بعد ازاں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، استحکامِ پاکستان، حرمین شریفین کے تحفظ، عالمِ اسلام کے اتحاد اور مقبوضہ کشمیر، غزہ و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔