رپورٹ: راشد ہاشمی
بہاولپور (نیوز ڈیسک)حکومت پنجاب کے پڑھا لکھا پنجاب اور علم دوست پالیسی کے دعوؤں کے برعکس جنوبی پنجاب میں تعلیمی صورتحال کی ایک تشویشناک تصویر سامنے آگئی ہے۔ حال ہی میں جاری ہونے والی ملٹیپل انڈیکیٹرز کلسٹر سروے (MICS) رپورٹ نے ثانوی تعلیم کے حوالے سے حکومتی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بہاولپور ڈویژن میں 10 سے 16 سال کی عمر کے 52.2 فیصد سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سکولوں سے باہر بچوں کی شرح 56.9 فیصد جبکہ ملتان ڈویژن میں 41.2 فیصد ہے۔ بہاولپور میں 10 سے 16 سال کی عمر کے 52 فیصد لڑکے اور 52.2 فیصد لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں،جبکہ ڈیرہ غازی خان میں 51.2 فیصد لڑکے اور 62.2 فیصد لڑکیاں سکول نہیں جاتیں۔
زیر تعلیم طلبہ کی غیر حاضری نے بھی صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے
رپورٹ کے مطابق صرف سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد ہی تشویشناک نہیں بلکہ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی غیر حاضری نے بھی صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ بہاولپور میں طلبہ کی غیر حاضری کی شرح 75 فیصد جبکہ ڈیرہ غازی خان میں یہ تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تعلیمی معیار کے حوالے سے بھی رپورٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ بہاولپور میں 51.9 فیصد بچے لوئر سیکنڈری سطح کی تعلیم مکمل کرنے میں ناکام رہے، جبکہ 65.1 فیصد بچے اپر سیکنڈری تعلیم مکمل نہیں کر سکے۔ مزید برآں 56 فیصد بچے بنیادی سطح کی تحریر پڑھنے کی صلاحیت سے بھی محروم پائے گئے۔
غربت،معاشرتی عدم استحکام،مالی وسائل کی کمی اور بے روزگاری بڑی وجوہات
ماہرین تعلیم کے مطابق غربت، معاشرتی عدم استحکام، مالی وسائل کی کمی اور بے روزگاری بچوں کے سکولوں سے باہر ہونے کی بڑی وجوہات ہیں۔ اس کے علاوہ حکومتی سطح پر ناقص منصوبہ بندی، تعلیمی سہولیات کی عدم دستیابی اور بنیادی تعلیمی انفراسٹرکچر کی خراب صورتحال بھی اس بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔
تعلیمی حلقوں میں اس امر پر بھی تشویش پائی جاتی ہے کہ آٹھویں سے دسویں جماعت تک کے طلبہ تاحال سرکاری نصابی کتب سے محروم ہیں، جس سے تعلیمی سرگرمیاں اور طلبہ کا مستقبل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
جنوبی پنجاب کے تعلیمی اعداد و شمار نے حکومت کے علم دوست پالیسی اور یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے دعوؤں کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت محض اعلانات اور دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کرے، سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرے، اساتذہ کی دستیابی یقینی بنائے اور سکولوں سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر حکمت عملی مرتب کرے۔