بہاولپور(نیوز ڈیسک)میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈویژن اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے اسلام آباد ڈائگنوسٹک سینٹر لیبارٹریز کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس مفاہمتی یادداشت پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اور اسلام آباد ڈائگنوسٹک سینٹر لیبارٹریز کی جانب سے مینیجر آپریشنز قاضی زاہد نے دستخط کیے۔
دستخط کی تقریب میں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان چیمہ، پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ملیحہ اعجاز، ڈاکٹر وحید ممتاز عباسی اور مینیجر ریڈیولوجی احمد کے علاوہ اسلام آباد ڈائگنوسٹک سینٹر لیبارٹریز کے دیگر نمائندے اور عملے کے ارکان بھی شریک تھے۔
اس معاہدے کا مقصد صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کو بہتر بنانا اور یونیورسٹی ملازمین کو اضافی طبی فوائد فراہم کرنا ہے۔ اس معاہدے کے تحت، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ملازمین پورے پاکستان میں موجود اسلام آباد ڈائگنوسٹک سینٹر لیبارٹریز میں تمام ریڈیولوجیکل پروسیجرز اور دیگر معمول کے تشخیصی ٹیسٹوں پر خصوصی رعایت حاصل کر سکیں گے۔

اس اقدام کا مقصد یونیورسٹی ملازمین کو رعایتی نرخوں پر معیاری تشخیصی خدمات تک رسائی فراہم کرکے سہولت پہنچانا ہے۔ یہ اشتراکِ عمل اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے وابستگی اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور ملازمین کی سہولت کے لیے ادارہ جاتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔