بہاول پور(نیوز ڈیسک)دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے شعبہ کیمسٹری کی کلاس میں براہِ راست تدریسی فرائض انجام دیے اور طالبات کو آرگینک کیمسٹری کا لیکچر دیا۔
وائس چانسلر نے طالبات کو مضمون کے اہم تصورات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اور عملی زندگی کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی۔ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے آرگینک کیمسٹری کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے طالبات کو بنیادی تصورات، کیمیائی مرکبات اور ان کے باہمی تعلق کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے طالبات کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے اور انہیں مضمون کو محض امتحانی نقطۂ نظر سے پڑھنے کے بجائے اسے سمجھنے، غور و فکر کرنے اور عملی زندگی سے جوڑنے کی ترغیب دی۔
وائس چانسلر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا مقصد صرف نصابی علم کا حصول نہیں بلکہ طالبات کی علمی، فکری اور اخلاقی تربیت بھی ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ دیانت داری، نظم و ضبط، وقت کی پابندی، ذمہ داری، احترامِ انسانیت اور مثبت رویوں کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔
نئے تعلیمی سال کے پہلے ہی روز وائس چانسلر کی جانب سے براہِ راست کلاس لینے پر طالبات نے مسرت کا اظہار کیا۔ طالبات نے کہا کہ وائس چانسلر کو کلاس روم میں اپنے درمیان دیکھنا اور ان سے براہِ راست لیکچر لینا ان کے لیے نہایت حوصلہ افزا اور خوشگوار تجربہ تھا۔ انہوں نے وائس چانسلر کی جانب سے مضمون کے ساتھ اخلاقی اقدار اور عملی زندگی کے حوالے سے دی جانے والی رہنمائی کو بھی سراہا اور اسے اپنے لیے باعثِ حوصلہ قرار دیا۔
یاد رہے کہ وائس چانسلر کا یہ طرزِ عمل دیگر اساتذہ کے لیے مشعلِ راہ اور یونیورسٹی میں معیاری تدریس کے فروغ کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔