بہاول پور(نیوز ڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب) کی سالانہ آگاہی مہم کے سلسلے میں بہاولپور ڈویژن کی سطح پر مقابلہ حسنِ تقریر منعقد ہوا، جس میں اردو، انگریزی اور سرائیکی زبانوں میں طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ مقابلے کا موضوع ’’نوجوان: دیانت کی پہچان، بدعنوانی کے خلاف ایک آواز‘‘ تھا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں دیانت داری، شفافیت اور بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنا تھا۔ تقریب کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد نے کی جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان توصیف حنیف مہمان خصوصی تھے۔
انگریزی تقریری مقابلے میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاؤن بہاولپور کی عمارہ نذیر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین رحیم یار خان کی حریرہ زمان دوسری جبکہ اسی کالج کی ایمن سعید تیسری پوزیشن پر رہیں۔
اردو تقریری مقابلے میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج صادق آباد کے محمد نافع ظفر نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین رحیم یار خان کی شائبا منظور نے دوسری جبکہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین بہاولنگر کی صدیقہ ربانی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سرائیکی تقریری مقابلے میں گورنمنٹ صادق ایجرٹن گریجویٹ کالج بہاولپور کے محمد حسن شاہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین دبئی محل روڈ بہاولپور کی خدیجہ ممتاز دوسری جبکہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج صادق آباد کے محمد رانا شہزاد تیسری پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔
مقابلوں کے انعقاد اور تقریروں کے معیار کا جائزہ لینے کیلئے مختلف تعلیمی اداروں اور شعبہ ہائے علم و ادب سے وابستہ شخصیات پر مشتمل ججز پینل تشکیل دیا گیا تھا، جس میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ انگریزی کی ڈاکٹر نورین اصغر، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی لودھراں کیمپس کی ڈاکٹر مریم امتیاز، گورنمنٹ گریجویٹ کالج بغداد روڈ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ابوزر منیر، ایس ای کالج کے ریٹائرڈ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سید عبدالعزیز بخاری، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے محمد ممتاز خان بلوچ اور ایس ای کالج کی شمعائلہ منظور شامل تھے۔
تقریب کے اختتام پر تینوں زبانوں کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے۔