بہاول پور(نیوز ڈیسک)سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے ریجن بہاولپور کے پانچ پولیس افسران کے اعزاز میں ریجنل پولیس آفس بہاولپور میں تقریب منعقد ہوئی، جہاں آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین اور ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے ترقی پانے والے افسران کو نئے عہدے کے بیجز لگائے اور مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ محکمانہ ترقی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کا اعتراف ہے، تاہم نئے عہدے کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ محنت، دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

ترقی پانے والے افسران میں محمد بلال، محمد خالد، آفتاب، اظہر اور شکیل شامل ہیں، جنہوں نے پولیس قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے فرائض مزید محنت، لگن اور ذمہ داری سے انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔