بہاول پور(نیوز ڈیسک)صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب و پرو چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت طالبات کو معیاری تعلیم، جدید تحقیقی سہولیات اور عملی میدان میں آگے بڑھنے کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی ماحول کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں سنٹر آف ایکسیلنس ان میٹیریلز سائنس اینڈ نینو ٹیکنالوجی کا افتتاح کیا، طالبات کے لیے نئی پنک بس فراہم کی جبکہ یونیورسٹی کی 125 ایکڑ اراضی سے متعلق معاملے کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

دورے کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے صوبائی وزیر کا خیرمقدم کیا اور انہیں یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی، انتظامی اور ترقیاتی امور، جاری منصوبوں اور طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وائس چانسلر نے سنٹر کے قیام کے اغراض و مقاصد، جدید سائنسی و تحقیقی سہولیات اور طالبات کے لیے اس کے تعلیمی و تحقیقی امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔
صوبائی وزیر نے یونیورسٹی کے ہاسٹل کا دورہ کیا اور طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طالبات سے ملاقات اور غیر رسمی گفتگو کی، ان کے مسائل اور تجاویز سنیں۔
صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے طالبات کی سفری سہولیات میں مزید بہتری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کے لیے پنک بس بھی فراہم کی۔
دورے کے دوران یونیورسٹی کی 125 ایکڑ اراضی سے متعلق معاملہ بھی صوبائی وزیر کے سامنے پیش کیا گیا، جس پر رانا سکندر حیات نے مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھانے اور مؤثر پیش رفت یقینی بنانے کا عندیہ دیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کہا کہ گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی طالبات کو جدید تعلیمی و تحقیقی سہولیات کی فراہمی اور انہیں عملی میدان کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر رانا طارق شمیم، رجسٹرار ڈاکٹر صائمہ انجم، ڈینز، سربراہانِ شعبہ جات، اساتذہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔