بہاول پور(نیوز ڈیسک)اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈویژن نے یونیورسٹی کالج آف نرسنگ اور آئی یو بی اینٹی نارکوٹکس اینڈ ہیلتھ کیئر سوسائٹی کے اشتراک سے ہیپاٹائٹس کے بارے میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا، جس کا مقصد طلبہ اور شرکاء کو بیماری کی روک تھام، بروقت تشخیص اور علاج کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔
پروفیسر ڈاکٹر قاضی مسرور علی نے ہیپاٹائٹس پر معلوماتی اور جامع لیکچر دیتے ہوئے بیماری کی وجوہات، علامات، پھیلاؤ کے ذرائع اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بروقت تشخیص، مناسب طبی مشورہ اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا انتہائی ضروری ہے۔
فیکلٹی آف فارمیسی اور فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر قیصر جبین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیپاٹائٹس کی روک تھام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کیلئے صحت سے متعلق تعلیم اور آگاہی ضروری ہے، جبکہ شرکاء کو روزمرہ زندگی میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دی۔
سیمینار میں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان چیمہ، پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ملیحہ اعجاز، یونیورسٹی کالج آف نرسنگ کے پرنسپل ڈاکٹر فرحان مختار، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔