لودھراں (نیوز ڈیسک)حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے لیے چیف منسٹر یوتھ گیمز 2026ء کے سلسلے میں لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے طلباء کی رجسٹریشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ ضلع لودھراں کے 666 نان فارمل بیسک ایجوکیشن (این ایف بی ای) اسکولوں کے طلباء اس سپورٹس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔
سیکریٹری لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن لاہور، ڈپٹی کمشنر لودھراں اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن لودھراں کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) ڈاکٹر شازیہ نورین نے متعلقہ اساتذہ اور فیلڈ عملے کو مقررہ وقت کے اندر زیادہ سے زیادہ طلباء کی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ نان فارمل اسکولوں میں زیر تعلیم بچے بھی اس اہم سرگرمی میں بھرپور شرکت کر سکیں۔

ڈاکٹر شازیہ نورین نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں نہایت اہمیت رکھتی ہیں۔ چیف منسٹر یوتھ گیمز 2026ء لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے طلباء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور صحت مندانہ مقابلے میں حصہ لینے کا بہترین موقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ عملے پر زور دیا کہ رجسٹریشن کے عمل کو مؤثر اور تیز رفتار بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے والدین، اساتذہ اور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بھرپور مواقع فراہم کریں۔