لودھراں (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرِ قیادت جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی زیرِ نگرانی نیو سٹیڈیم دنیاپور، دو کوٹہ روڈ میں کبڈی کے دلچسپ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں جہانیاں کبڈی کلب اور دنیاپور کبڈی کلب کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، طاقت، مہارت اور سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، تاہم مقابلے میں دنیاپور کبڈی کلب نے کامیابی حاصل کرلی۔
کبڈی مقابلے کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب اور اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید تھے۔ مہمانانِ خصوصی نے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور جشنِ آزادی کے موقع پر کھیلوں کے کامیاب انعقاد پر ضلعی انتظامیہ اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب نے کہا کہ کبڈی سمیت روایتی کھیل ہماری ثقافت اور کھیلوں کے ورثے کا اہم حصہ ہیں۔ صحت مندانہ مقابلوں کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے، مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے اور قومی و ثقافتی روایات سے جڑے رہنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔