بہاول پور (نیوز ڈیسک)بہاول پور کے نوجوان کراٹے کھلاڑیوں نے ملتان میں منعقدہ فرسٹ جونیئر ساؤتھ پنجاب کراٹے چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد گولڈ، سلور اور برونز میڈلز حاصل کرلیے۔ سپر گولڈ کراٹے اکیڈمی بہاول پور کے کھلاڑیوں نے بہترین فائٹنگ اور کھیل کا مظاہرہ کرکے بہاول پور کا نام روشن کیا۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ میں سپر گولڈ کراٹے اکیڈمی بہاول پور کے عبداللہ کاشف نے کاتا میں گولڈ جبکہ فائٹ میں سلور میڈل حاصل کیا۔ علی کاشف نے فائٹ میں گولڈ میڈل جبکہ زعیم خضر نے بھی گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
سلور میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں عثمان عمر، میرہا عمر، بلال اسلم، زین حیدر، حمزہ رمضان اور وانیا مسعود سمیت دیگر شامل ہیں، جبکہ میرہا عمر نے کاتا میں برونز میڈل بھی حاصل کیا۔ برونز میڈلز حاصل کرنے والوں میں حسن شاکر، ہادیہ ناصر اور عثمان عامر شامل ہیں۔
سپر گولڈ کراٹے اکیڈمی کی جانب سے کہا گیا کہ تمام کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ میں بھرپور محنت، جذبے اور بہترین فائٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں کی کامیابیاں ان کی مسلسل محنت، والدین کی حوصلہ افزائی اور کوچز کی رہنمائی کا ثمر ہیں۔