اسٹیٹس کو،لوٹ مار کا نظام مزید نہیں چل سکتا، معرکۂ حق کے بعد معرکۂ خوشحالی شروع کریں گے
بہاولپور نیوز ڈیسک)سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے ملک بھر میں چھوٹے صوبوں کے قیام اور بااختیار مقامی حکومتوں کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کا قیام ناگزیر ہے۔ پاکستان کے عوام اور ادارے اس ضرورت پر متفق ہیں، صرف فارم 47 والے چھوٹے صوبوں کے قیام کے مخالف ہیں، لیکن اس تحریک کے مقابلے میں کوئی فارم 47 نہیں آئے گا۔ پاکستان اب اسٹیٹس کو، ہٹ دھرمی اور لوٹ مار کے نظام کے تحت مزید نہیں چل سکتا۔ موروثی سیاست دان چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام میں رکاوٹ نہ بنیں، مخالفت کرنے والوں کی داستان بھی نہ ہوگی داستانوں میں۔ معرکۂ حق میں فتح کے بعد پاکستان کے عوام تمام اداروں کے ساتھ مل کر معرکۂ خوشحالی شروع کریں گے۔ نہریں بنانی ہوں یا نئے ڈیم تعمیر کرنے ہوں تو ”مرسوں موسروں“ کے نعرے لگا کر مخالفت شروع کر دی جاتی ہے، عوام اور نوجوانوں کے مفاد کا کوئی منصوبہ سامنے آئے تو موروثی سیاست دان دیوار بن کر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کا قیام عمل میں لا کر معاشی دہشت گردوں کو فارغ کرنے کا وقت آچکا ہے۔ پاکستان شدید معاشی دہشت گردی کا شکار ہے، ملکی معیشت خسارے میں ہے اور ملک دنیا کے غریب ترین ممالک میں شامل ہو رہا ہے، لیکن صرف لوٹی ہوئی دولت ملک سے باہر منتقل ہو رہی ہے۔
وہ بہاولپور پریس کلب (رجسٹرڈ) میں چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کے حوالے سے تحریک کے آغاز کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔
عوام اور ادارے چھوٹے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر متفق، صرف فارم 47 والے مخالف ہیں،
سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کی جدوجہد کو معرکۂ خوشحالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے عوام کی حمایت سے معرکۂ حق میں شاندار فتح حاصل کرکے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا اور اب عوامی طاقت سے معرکۂ خوشحالی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبے، عوام کی اقتدار میں شراکت اور نوجوانوں کی قیادت اس وقت پاکستان کی ضرورت ہیں۔ پاکستان کی آئندہ سیاست چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کے گرد گھومے گی، اب مطالبات منوائے نہیں جائیں گے بلکہ صوبے بنوائے بھی جائیں گے۔ بہاولپور کے عوام نے اپنی جدوجہد سے صوبے کی قرارداد منظور کرائی تھی، اب اسی جذبے کے ساتھ پورے پاکستان میں چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کی تحریک چلائیں گے۔ جو سیاسی جماعتیں اس راستے میں رکاوٹ بنیں گی، ان کی داستان تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب مزید اسٹیٹس کو، ہٹ دھرمی اور لوٹ مار کے نظام کے تحت نہیں چل سکتا۔
موروثی سیاستدان صوبوں کے قیام میں رکاوٹ نہ بنیں ، مخالفت کرنیوالوں کی داستان بھی نہ ہوگی داستانوں میں
محمد علی درانی نے کہا کہ بہاولپور صوبے کی تحریک کے آغاز میں نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد کو تسلیم کروانے کے لیے چار سال لگے۔ 2008ء میں شروع ہونے والی تحریک 9 مئی 2012ء کو بہاولپور کے عوام اور اس خطے کے لوگوں کے تعاون سے اس مقام پر پہنچی کہ پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پر بہاولپور صوبے اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کی۔ بعدازاں ہزارہ نے بھی اسی راستے پر چلتے ہوئے تحریک شروع کی اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے ہزارہ صوبے کے قیام کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرائی۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اور قانونی طور پر یہ صوبے بن چکے ہوئے ہیں۔ عوام اور پاکستان کے مفاد کا کوئی کام سامنے آئے تو سیاسی قیادت اس کی راہ میں رکاوٹ بن جاتی ہے اور عوام کو نظرانداز کرنے کی یہی روش ملک کو آگے بڑھنے سے روک رہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ 9 نومبر، یوم اقبال کے موقع پر بہاولپور سے ملک بھر میں چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کی ملک گیر تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور ادارے چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کی ضرورت پر متفق ہیں۔ یہ عوام کی بڑی کامیابی ہے کہ آج اس معاملے پر عوام اور ادارے ایک جگہ کھڑے ہیں۔ چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام میں موروثی سیاسی جماعتیں رکاوٹ بن رہی ہیں، لیکن میرا انہیں مشورہ ہے کہ رکاوٹ نہ بنیں، کیونکہ اگر وہ مخالفت کریں گی تو ان کی پارٹیاں بھی ختم ہو جائیں گی۔ سیاست تو پہلے ہی ختم ہو چکی ہے، وہ خود بھی ختم ہو جائیں گے۔
موجودہ صوبائی نظام پر تنقید کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ چاروں صوبوں کو مقدس بنا دیا گیا ہے، حالانکہ یہ صوبے قائداعظم محمد علی جناح نے نہیں بلکہ انگریز نے بنائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نہریں بنانی ہوں یا نئے ڈیم تعمیر کرنے ہوں تو ”مرسوں موسروں“ کے نعرے لگا کر مخالفت شروع کر دی جاتی ہے۔ اسی طرح عوام اور نوجوانوں کے مفاد کا کوئی منصوبہ سامنے آئے تو یہ لوگ دیوار بن کر کھڑے ہو جاتے ہیں۔
ملکی معیشت خسارے میں ،ملک غریب ترین ممالک میں شامل لیکن صرف لوٹی ہوئی دولت ایکسپورٹ ہو رہی ہے،
حکمرانوں کے شاہانہ پروٹوکول پر تنقید کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ بڑے صوبوں کے نام پر حکمرانوں کے سو سو گاڑیوں کے قافلے، بلٹ پروف گاڑیاں، جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے فلیٹس عوام کی ضرورت نہیں ہیں۔ اگر دوسرے ممالک کے وزرائے اعلیٰ عام گاڑیوں میں سفر کر سکتے ہیں تو ہمارے حکمران بھی سادہ گاڑیوں میں سفر کر سکتے ہیں۔

ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ پاکستان شدید معاشی دہشت گردی کا شکار ہے، ملک کے خزانے خالی ہیں اور موروثی خاندانوں نے پاکستان کو اپنی جاگیر بنا لیا ہے۔ آئی پی پیز اور بجلی کے شعبے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک طرف آئی پی پیز کا نظام چل رہا ہے اور دوسری طرف شوگر انڈسٹری ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دنوں 12 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی، جس میں سے 8 ارب روپے کیپیسٹی چارجز تھے جبکہ 4 ارب روپے اصل بجلی کی قیمت تھی۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملوں کے مالکان خوشحال ہیں، کبھی چینی باہر بھیجی جاتی ہے، کبھی واپس منگوائی جاتی ہے اور پھر دوبارہ ایکسپورٹ کی جاتی ہے، جبکہ تباہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران قرضے لیتے ہیں، لیکن ان قرضوں کا بوجھ ان کے اپنے سروں پر نہیں بلکہ عوام اور ان کے بچوں پر پڑتا ہے۔ اس استحصال کا نشانہ عوام بن رہے ہیں اور اب وہ مزید یہ بوجھ اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہوں، وہاں تعلیمی ترجیحات پر سوال اٹھنا چاہیے۔ ایک بچے پر ہزار بچوں کا خرچہ کرکے دانش اسکول بنایا جا رہا ہے، جبکہ ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے اسے ملک میں موجود ایک بڑی تفریق قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس صورتحال کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔
قرارداد اسمبلی کا مکمل بزنس،اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے ساتھ قرارداد ختم نہیں ہو تی
محمد علی درانی نے کہا کہ بہاولپور سے تحریک کا آغاز اس لیے کیا جا رہا ہے کہ یہاں کے عوام نے پہلے بھی جدوجہد کرکے اپنی منزل حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور مقامی حکومتوں کی تحریک کے مقابلے میں کوئی فارم 47 نہیں آئے گا اور عوام کسی فارم 47 کو اپنے فیصلے پر اثرانداز نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ پندرہ سال سے پنجاب کا 70 فیصد بجٹ خرچ ہونے کے باوجود وہاں کے عام شہریوں کے مسائل بھی حل نہیں ہوئے۔
ایک سوال کے جواب میں محمد علی درانی نے کہا کہ قرارداد اسمبلی کا مکمل بزنس ہوتی ہے اور اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے ساتھ قرارداد ختم نہیں ہو جاتی۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ بہاولپور صوبے کی قرارداد ختم ہو چکی ہے تو پنجاب اسمبلی میں بہاولپور صوبے کے خلاف قرارداد لائے اور اسی طرح ہزارہ صوبے کے خلاف بھی قرارداد پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں رہیں یا نہ رہیں، متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد اپنی جگہ برقرار رہتی ہے۔