بہاولپور(نیوز ڈیسک)طالبات کو پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کرنے،کاروباری مواقع سے روشناس کرانے اور خواتین میں خود روزگار کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں ڈائریکٹوریٹ آف کیریئر کونسلنگ سینٹر کے زیر اہتمام ’’کیریئر، انٹرپرینیورشپ اینڈ کمیونٹی ایکسپو 2026‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات اور شہر بھر سے آنے والی خواتین نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں، کاروباری آئیڈیاز اور تیار کردہ مصنوعات کے اسٹالز لگائے۔ ایکسپو کا بنیادی مقصد خواتین کو معاشی خودمختاری کی جانب راغب کرنے کے ساتھ انہیں عملی زندگی میں کاروباری سرگرمیوں اور خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم تھیں، جبکہ مہمانانِ اعزاز میں وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود، سابق پرنسپل دبئی محل گرلز کالج پروفیسر ڈاکٹر شہوار، سماجی شخصیت اور جامعہ کی ایلومنائی مسز امبر تنصیر، معروف کاروباری خاتون و ایلومنائی مس سمیرا وقار اور سابق رکن پنجاب اسمبلی و ایلومنائی مس فوزیہ ایوب قریشی سمیت دیگر نامور ایلومنائی شامل تھیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے معزز مہمانوں کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر ایکسپو کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کیریئر کونسلنگ سینٹر ڈاکٹر میمونہ نذیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ایکسپو کے اغراض و مقاصد اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں وائس چانسلر اور دیگر معزز مہمانوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور طالبات و کاروباری خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں، کاروباری آئیڈیاز اور عملی کاوشوں کا مشاہدہ کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے طالبات کے اسٹالز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طالبات میں خود اعتمادی، تخلیقی سوچ اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے ساتھ انہیں عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ جامعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ طالبات کو پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کرنے کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں اور خود روزگار کے مواقع سے بھی روشناس کرائیں تاکہ وہ معاشی خودمختاری حاصل کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایسے پلیٹ فارمز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے جو نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ عملی مہارتوں، کاروباری سوچ اور پیشہ ورانہ مواقع سے منسلک کریں۔ جامعات اور صنعت و کاروبار کے شعبوں کے درمیان روابط کو فروغ دے کر نوجوانوں کے لیے روزگار اور خود روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ایکسپو کو طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی مؤثر کاوش قرار دیا۔

سابق پرنسپل دبئی محل گرلز کالج پروفیسر ڈاکٹر شہوار، مسز امبر تنصیر اور سابق رکن پنجاب اسمبلی مس فوزیہ ایوب قریشی نے بھی ایکسپو کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے تعلیم کے ساتھ عملی تربیت، پیشہ ورانہ رہنمائی اور کاروباری مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو خواتین کی ترقی اور خودمختاری کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیا۔
ایکسپو میں کاروباری اور تخلیقی مصنوعات کے اسٹالز کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن، اخوت فاؤنڈیشن اور انڈس بلڈ بینک کی جانب سے خصوصی آگاہی اسٹالز بھی لگائے گئے، جہاں شرکاء کو فلاحی خدمات، سماجی بہبود اور رفاہِ عامہ کے مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔ شہر بھر سے خواتین نے بھی ایکسپو میں بھرپور شرکت کی، مختلف مصنوعات میں دلچسپی لی اور خریداری کی، جبکہ کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز بھی شرکاء کی توجہ کا مرکز رہے۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کیریئر کونسلنگ سینٹر کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایکسپو طالبات، کاروباری طبقے، پیشہ ورانہ ماہرین اور جامعہ کی ایلومنائی کے درمیان روابط کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے۔
تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد اسلم خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق ہاشمی، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن، ڈاکٹر تہمینہ اعجاز، کنٹرولر امتحانات، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔