بہاولپور(نیوز ڈیسک)ریجنل پولیس آفیسرغازی محمد صلاح الدین(پی پی ایم)نے شہری کے دو بیٹوں کو مبینہ طور پر ناجائز مقدمات میں ملوث کرنے اور غیر منصفانہ تفتیش کرنے پر ایس ایچ او تھانہ میکلوڈ گنج ضلع بہاولنگر سب انسپکٹر کلیم اللہ کو معطل کر دیا۔
آر پی او نے شہری کی درخواست پر معاملے کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔انکوائری رپورٹ کے مطابق متعلقہ ایس ایچ او نے شہری کے دونوں بیٹوں کو ناجائز مقدمات میں ملوث کیا اور غیر منصفانہ تفتیش کی۔انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر سب انسپکٹر کلیم اللہ کو معطل کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔ترجمان آر پی او آفس کے مطابق باقاعدہ محکمانہ کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے افسران و اہلکاروں کو واضح پیغام دیا ہے کہ کرپشن، ناقص تفتیش اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر کڑا احتساب کیا جائے گا۔