بہاولپور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت نوجوانوں اور خصوصی بچوں میں کھیلوں کے فروغ اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں وزیراعلیٰ پنجاب گیمز کے تحت خصوصی بچوں کے سپورٹس گالا کا افتتاح کیا۔ سپورٹس گالا میں 25 سے زائد تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ خصوصی بچوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں مواقع دینے کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب گیمز نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے اور اپنی قابلیت منوانے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوان نسل میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، برداشت، ٹیم ورک اور مثبت مسابقت کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ سپورٹس گالا میں تعلیمی اداروں کی بھرپور شرکت کھیلوں کے فروغ کے لیے خوش آئند ہے۔
بعد ازاں کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ڈرنگ اسٹیڈیم میں سنتھیٹک ایتھلیٹکس ٹریکس کا معائنہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ٹریکس کے باقی ماندہ کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار اور مقررہ تکنیکی تقاضوں پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔