بہاولپور(نیوز ڈیسک)اسلامیہ یونیورسٹی کے میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈویژن کے زیرِ اہتمام اسلام آباد ڈائگنوسٹک سینٹر کے اشتراک سے دل کی صحت، امراضِ قلب کی بروقت تشخیص اور سی ٹی اینجیوگرافی کے موضوع پر آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں جدید تشخیصی سہولیات اور دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ابتدائی اسکریننگ کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
سیمینار کے مہمان مقرر کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اویس احمد نظامی نے معلوماتی لیکچر دیتے ہوئے امراضِ قلب کی جلد تشخیص، اسکریننگ اور بچاؤ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کورونری آرٹری ڈیزیز (دل کی شریانوں کی بیماری) کی ابتدائی جانچ کے لیے جدید اور نان انویسو تشخیصی طریقہ کار سی ٹی اینجیوگرافی کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ تشخیص میں سرجری یا جسم پر چیرا لگائے بغیر دل کی شریانوں کا معائنہ کیا جا سکتا ہے۔ اسلام آباد ڈائگنوسٹک سینٹر بہاولپور کے خطے کا پہلا ادارہ ہے جو یہ جدید تشخیصی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے سیمینار میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر قیصر جبین اور رجسٹرار شجیع الرحمن بطور مہمانانِ اعزاز شریک ہوئے۔

تقریب کی میزبانی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان چیمہ نے کی۔ انہوں نے معزز مہمانوں، مقرر اور شرکاء کا خیرمقدم کیا۔
معزز مہمانوں نے بہاولپور کے عوام کے لیے جدید اور نان انویسو تشخیصی سہولت متعارف کرانے پر اسلام آباد ڈائگنوسٹک سینٹر کی کاوشوں کو سراہا اور عوامی صحت کے فروغ اور امراضِ قلب کی روک تھام کے لیے ادارے کی خدمات کا اعتراف کیا۔