بہاولپور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی ترقی کے عزم اور صوبائی وزیر محنت منشا اللہ بٹ اور سیکرٹری لیبر محترمہ ثمن رائے کی خصوصی ہدایات پر ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیرانتظام ورکرز ویلفیئر سکول گرلز بہاولپور میں ایک ہفتے تک علمی، ادبی اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں طالبات نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔
ایک ہفتے تک جاری رہنے والی سرگرمیوں کے اختتام پر پروقار تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی، جس میں طالبات کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کو سراہا گیا۔ اس موقع پر کھیلوں کے مقابلوں کی ونر اور رنر اپ ٹیموں، سائنس ایگزیبیشن، تقریری مقابلوں، میتھ، کیلیگرافی، آرٹ اور سپیلنگ کمپیٹیشن کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات، ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ پرنسپل روبینہ یونس اور اساتذہ نے کامیاب طالبات اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل روبینہ یونس نے کہا کہ یہ سرگرمیاں اس حقیقت کا عملی اظہار ہیں کہ تعلیم کا مقصد محض کتابی علم حاصل کرنا نہیں بلکہ طالبات کی جسمانی، ذہنی، اخلاقی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنا بھی ہے۔ کھیل کے میدان میں ٹیم ورک، نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں، جبکہ علمی و تخلیقی مقابلے طالبات میں خود اعتمادی، تحقیق اور مثبت مسابقت کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔