بہاول پور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاول پور کے زیر اہتمام انٹر ڈسٹرکٹ بوائز سکولز ٹورنامنٹ کے مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں مختلف کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے انعقاد کے سلسلے میں بہاول پور بورڈ کی سپورٹس برانچ کے ڈائریکٹر سپورٹس جاوید اختر شاہ، اسسٹنٹ رانا نوید اور محمد شہباز ابراہیم کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔
ٹورنامنٹ کے دوران باسکٹ بال کے مقابلے میں گورنمنٹ ایس ڈی ہائی سکول بہاول پور اور گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول چشتیاں کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا، جس میں گورنمنٹ ایس ڈی ہائی سکول بہاول پور کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
بیڈمنٹن کے مقابلے میں گورنمنٹ ہائی سکول لیاقت پور اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول منڈی صادق گنج کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا، جس میں گورنمنٹ کالونی ہائی سکول لیاقت پور کی ٹیم نے میدان مار لیا۔
ہاکی کے سیمی فائنل میں گورنمنٹ ہائی سکول لیاقت پور اور گورنمنٹ ہائی سکول 293/HR فورٹ عباس کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں، جس میں گورنمنٹ کالونی ہائی سکول لیاقت پور کی ٹیم نے کامیابی حاصل کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
دوسری جانب ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں گورنمنٹ کالونی ہائی سکول بہاول نگر اور گورنمنٹ ہائی سکول ترنڈہ سوائے خان کی ٹیموں نے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔