بہاول پور(نیوز ڈیسک)تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام انٹر ڈسٹرکٹ بوائز ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب گورنمنٹ صادق ڈین ہائی سکول بہاول پور کے گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری بورڈ ثوبیہ سلطانہ چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ کنٹرولر امتحانات سید محمد وحید الزمان ہمدانی مہمان اعزاز تھے۔
تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سید طاہر حسین شاہ نے سرانجام دیے، جبکہ پرنسپل نصیر سیال اور ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ جاوید اختر شاہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ ٹورنامنٹ میں شریک کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بورڈ ثوبیہ سلطانہ چوہدری نے کہا کہ تعلیمی بورڈ بہاول پور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ اور طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انتظامیہ کی سرپرستی سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید وسعت ملے گی اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیش پرائز کی رقم میں اضافے کا مطالبہ کیا، جس پر سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ چیئرمین بورڈ اشتیاق احمد گوندل کی سربراہی میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے انعامی رقم میں جلد اضافہ کیا جائے گا۔ اس اعلان پر کھلاڑیوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
کنٹرولر امتحانات سید محمد وحید الزمان ہمدانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئندہ ٹورنامنٹس کے دوران ہی فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں کیش پرائز، ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور بورڈ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے وژن کے مطابق تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے ساتھ ان میں نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے جذبے کو بھی پروان چڑھایا جائے گا۔