بہاولپور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انیشیٹیو کے تحت ایندھن کے موثر استعمال اور پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب کی قیادت میں آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ٹریفک اسٹاف، انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کا مقصد شہریوں کو اس بات کی ترغیب دینا تھا کہ وہ اپنی پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ، خصوصاً الیکٹرک بسز کو ترجیح دیں تاکہ ملک میں ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام میں شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال سے نہ صرف ایندھن کی بچت ممکن ہے بلکہ شہریوں کو محفوظ، سستی اور بہتر سفری سہولیات بھی میسر آتی ہیں۔
ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر عوامی آگاہی کے پیغامات درج تھے، اور مختلف شاہراہوں پر واک کے ذریعے شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔