دو ممبران کے عمرے کے اخراجات پریس کلب جبکہ دو کے صدر سلیم چوہدری ذاتی طور پر ادا کریں گے
بہاول پور (نیوز ڈیسک) بہاولپور پریس کلب (رجسٹرڈ) کی تاریخ میں پہلی بار چار ممبران کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے قرعہ اندازی کی گئی۔ اس اقدام کے تحت دو ممبران کے عمرے کے اخراجات پریس کلب کے فنڈز سے ادا کیے جائیں گے، جبکہ صدر پریس کلب چوہدری محمد سلیم نے مزید دو ممبران کے مکمل اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جنرل کونسل کے اجلاس میں چار ممبران کو علاج معالجے کے لیے نقد مالی امداد بھی فراہم کی گئی، جبکہ سید عمران علی رضوی کی جانب سے ایک لاکھ روپے کی گرانٹ بھی دی گئی۔
بہاولپور پریس کلب کی جنرل کونسل کا اجلاس صدر چوہدری محمد سلیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جنرل سیکرٹری جلال الدین بھٹی نے سابقہ اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی، جس کی توثیق کرتے ہوئے اخراجات کی منظوری دی گئی۔
عمرے کے لیے قرعہ اندازی میں مختیار انجم، کامران بھٹی، اکرم ناصر اور مسعود الرحمن شاہ کے نام نکلے۔ قرعہ اندازی میں صدر چوہدری محمد سلیم کا نام بھی نکلا، تاہم انہوں نے اپنی جگہ سینئر صحافی اور استاد اکرم ناصر کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان کیا۔ اس طرح چار ممبران عمرے کی سعادت حاصل کریں گے، جن میں دو کے اخراجات پریس کلب جبکہ دو کے اخراجات صدر چوہدری محمد سلیم ذاتی طور پر برداشت کریں گے۔
علاج معالجے کے لیے چار ممبران کو نقد مالی امداد، سید عمران علی رضوی کی ایک لاکھ روپے گرانٹ
اجلاس میں چار ممبران کو علاج معالجے کے لیے نقد مالی امداد فراہم کی گئی۔ صدر چوہدری محمد سلیم، جنرل سیکرٹری جلال الدین بھٹی اور دیگر عہدیداران کی جانب سے ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات بھی اجلاس کے اہم امور میں شامل رہے، جبکہ سید عمران علی رضوی کی ایک لاکھ روپے کی گرانٹ کو بھی سراہا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی اور عمرے کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب ممبران کو مبارکباد پیش کی گئی۔ ادارہ روزنامہ ’’ریگزار‘‘ نے صدر پریس کلب چوہدری محمد سلیم کو پریس کلب کی تاریخ کے نمایاں اور یادگار فلاحی اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔