بہاولپور(نیوز ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر محمد رضوان خان نے کہا ہے کہ منشیات کی سپلائی لائن اور اس مکروہ کاروبار سے وابستہ نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ہمارا ہدف ہے، منشیات سے پاک، صحت مند اور محفوظ پنجاب ہمارا نصب العین ہے اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ اس لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔
ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر محمد رضوان خان نے بہاولپور نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول بہاولپور عبدالمنان نے انہیں انسدادِ منشیات کی جاری کارروائیوں، ادارہ جاتی کارکردگی، اہلکاروں کی تعیناتی اور منشیات کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے جاری آپریشنز کا جائزہ لیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

بریگیڈیئر محمد رضوان خان نے کہا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی بھرپور کارروائیوں سے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ منشیات فروشوں کی مین سپلائی لائن ختم کرکے ہی قوم اور معاشرے کو اس لعنت سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے منشیات کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بعد ازاں ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن رحیم یار خان کا بھی دورہ کیا، جہاں افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔