سٹیم مقابلے کیلئے طالبات کے تیار کردہ سائنسی ماڈلز کا معائنہ، ہیلتھ کلینک میں ادویات، طبی سہولیات چیک کی
بہاول پور(نیوز ڈیسک)ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول انگلش میڈیم بٹھہ نمبر 1 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سٹیم (STEAM) مقابلے کے لیے طالبات کی جانب سے تیار کردہ سائنسی ماڈلز اور تخلیقی پراجیکٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں، سائنسی سوچ اور عملی سرگرمیوں میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے طالبات کے عملی تجربات کے ذریعے سیکھنے کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ اور طالبات میں سائنسی شعور اجاگر کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مختلف کلاس رومز کا بھی دورہ کیا، طالبات سے تعلیمی نوعیت کے سوالات کیے اور تدریسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے انہیں پڑھایا۔ انہوں نے سکول میں صفائی ستھرائی اور مجموعی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہیڈ مسٹریس کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے مریم نواز ہیلتھ کلینک ماڑی شیخ شجرہ کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ذیشان رؤف بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کلینک میں دستیاب ادویات کے اسٹاک، معیار اور ایکسپائری تاریخوں کی جانچ پڑتال کی، جبکہ ادویات کو محفوظ رکھنے کے لیے فریزر اور کولڈ چین سسٹم کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادویات مقررہ درجہ حرارت پر محفوظ رکھی جائیں اور اسٹوریج کے انتظامات سمیت درجہ حرارت کی باقاعدہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ ادویات کا معیار برقرار رہے اور مریضوں کو معیاری ادویات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کلینک میں علاج کے لیے آنے والی خواتین مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، علاج معالجے اور ڈاکٹرز و طبی عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے سہولیات کے معیار پر براہِ راست فیڈ بیک بھی حاصل کیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کا ڈیوٹی روسٹر چیک کیا اور تمام عملے کی مقررہ اوقات میں حاضری اور تفویض کردہ ذمہ داریوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ کلینک میں صفائی ستھرائی اور انتظامی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ سرکاری ہیلتھ کلینکس میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔