بہاول پور(نیوز ڈیسک)صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بہاولپور ڈویژن عائشہ فاروقی نے وفد کے ہمراہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار ویمن بہاولپور کا دورہ کیا اور پرنسپل سمیرا صالحہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
وفد میں نائب صدر ارم طاہر، ویمن چیمبر کی سابق صدر رابعہ عثمان اور عائشہ خان شامل تھیں۔ اس موقع پر ڈی اے ای آرکیٹیکچر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ اقصیٰ صدیقی کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئی، جنہوں نے 3250 میں سے 3057 نمبر حاصل کرکے 94.06 فیصد کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی۔
صدر ویمن چیمبر عائشہ فاروقی نے طالبات کی محنت، لگن اور تعلیمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم، فنی مہارتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کا فروغ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ باصلاحیت طالبات ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی و رہنمائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
نائب صدر ارم طاہر، سابق صدر رابعہ عثمان اور عائشہ خان نے بھی طالبات کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے فنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم خواتین کو عملی زندگی میں آگے بڑھنے، روزگار حاصل کرنے اور اپنا کاروبار شروع کرنے کے بہتر مواقع فراہم کرتی ہے۔
پرنسپل سمیرا صالحہ کی جانب سے صدر ویمن چیمبر عائشہ فاروقی کو یادگاری سووینئر پیش
پرنسپل سمیرا صالحہ نے ویمن چیمبر کے وفد کی آمد اور طالبات کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور صدر ویمن چیمبر عائشہ فاروقی کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔ آخر میں عائشہ فاروقی نے کامیاب طالبات، پرنسپل اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے طالبات کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
