بہاولپور (نیوز ڈیسک) لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، جنوبی پنجاب کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) غلام مصطفیٰ شیخ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں محکمہ کے افسران اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر غلام مصطفیٰ شیخ کو ان کی طویل، شاندار اور مثالی سرکاری خدمات، دیانتداری، محنت اور محکمانہ امور میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
مقررین نے غلام مصطفیٰ شیخ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قائدانہ کردار اور ادارے کی ترقی کے لیے ان کی نمایاں خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ذمہ داری، لگن اور خلوصِ نیت کے ساتھ فرائض انجام دیے جو محکمہ کے لیے ہمیشہ قابلِ تقلید رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے غلام مصطفیٰ شیخ کی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت، خوشحالی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔