بہاولپور (نیوز ڈیسک) گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے متعارف کرائی گئی بلاسود (زیرو مارک اپ) قرضہ اسکیم کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔
تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کی جبکہ رجسٹرار ڈاکٹر صائمہ انجم، خزانہ دار محمد انصر مغل، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اشفاق محمود قریشی، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق ہاشمی سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی میں اس کے ملازمین بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی فلاح و بہبود انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاسود قرضہ اسکیم ملازمین کو مالی معاونت فراہم کرنے اور ان کی مشکلات میں کمی لانے کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی اپنے ملازمین کی فلاح، ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے ایسے مثبت اور مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر منتخب ملازمین میں قرضہ اسکیم کے تحت چیک تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء نے اس اقدام کو یونیورسٹی انتظامیہ کی ملازم دوست پالیسیوں کا عملی مظہر قرار دیا۔