بہاولپور(نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا، جہاں دور دراز علاقوں سے آنے والے شہریوں کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنی گئیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شگفتہ جبیں اور اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر حمزہ احتشام بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی درخواستوں اور شکایات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کرتے ہوئے متعدد مسائل کا موقع پر ہی حل کرایا۔ عوامی خدمت کچہری میں شہریوں کو رجسٹری، انتقال اور اراضی سے متعلق ضروری دستاویزات کی فراہمی سمیت مختلف ریونیو خدمات ایک ہی چھت تلے مہیا کی گئیں، جس پر شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت اور ضلعی انتظامیہ پر اعتماد عوام دوست پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت ضلعی افسران کے دفاتر کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ مال میں سروس ڈیلیوری کے نظام کی مسلسل اور مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو شفاف، بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔