بہاولپور (ریگزار نیوز) بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے انٹرنیشنل زیرو ویسٹ ڈے کے موقع پر شہر بھر کے ہوٹلوں میں ایک خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کیا۔ اس سال کا مرکزی موضوع "فوڈ ویسٹ” تھا، اور اس مہم کا مقصد عوام میں کھانے کے ضیاع کے نقصانات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینا ہے۔
کمپنی کے سوشل موبلائزنگ ونگ کے افسران نے شہر کے مختلف ہوٹلوں کی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور حکومتِ پنجاب کا پیغام پہنچایا۔ اس پیغام میں ہدایت کی گئی کہ ہوٹلوں کی حدود میں نمایاں مقامات پر عوامی آگاہی کے بینرز اور بورڈز آویزاں کیے جائیں۔ بینرز پر "جتنا ضرورت اتنا کھانا” جیسے مؤثر پیغامات درج کیے جائیں تاکہ شہریوں کو خوراک کے محتاط استعمال کی ترغیب دی جا سکے۔مزید برآں، ہوٹل مالکان کو یہ بھی تلقین کی گئی کہ بچ جانے والے کھانے کو ضائع کرنے کے بجائے مستحق اور ضرورت مند افراد تک پہنچانے کا انتظام کریں۔ اس اقدام سے نہ صرف انسانی ہمدردی کو فروغ ملے گا بلکہ خوراک کے ضیاع میں کمی اور ماحولیاتی آلودگی کے سدباب میں بھی مدد ملے گی۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق فوڈ ویسٹ نہ صرف معاشی نقصان کا باعث بنتا ہے بلکہ زمین، پانی، ماحول اور توانائی جیسے قیمتی وسائل کے ضیاع کے ساتھ ساتھ ویسٹ کو ٹھکانے لگانے کے لیے اضافی اخراجات کا سبب بھی بنتا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ تمام شہری، تاجر اور ادارے مل کر اس قومی ذمہ داری کو نبھائیں۔
بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کے ذریعے عوام میں آگاہی پیدا کرتی رہے گی اور ایک صاف، سرسبز اور پائیدار ماحول کے قیام کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔