بہاولپور(نیوز ڈیسک)ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ آئی ایس او سرٹیفکیشن کسی بھی ادارے کی کارکردگی، شفافیت اور معیاری خدمات کی فراہمی کا عالمی اعتراف ہوتا ہے۔وہ خدمت مرکز بہاولپور میں آئی ایس او سرٹیفکیٹ تقریب (ISO) سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میں انچارج خدمت مرکز عبد الاحد گردیزی سمیت افسران اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضانے کہا کہ خدمت مرکز کی انتظامیہ اور عملے کو اس اہم سنگ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ادارہ مستقبل میں بھی عوام کو بہترین اور بروقت سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے انچارج خدمت مرکز عبد الاحد گردیزی کو آئی ایس او سرٹیفکیٹ باقاعدہ طور پر عطا کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی خدمت کے اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات جاری رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے خدمت مرکز بہاولپور کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے اور شجرکاری مہم کے ذریعے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے خدمت مرکز کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے اور خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔