بہاولپور(نیوز ڈیسک)کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) پنجاب نے منشیات اسمگلنگ کے بین الاضلاعی نیٹ ورک کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 78 ملین روپے مالیت کی 475 کلوگرام چرس، افیون اور آئس برآمد کر کے خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
بہاولپور ڈویژن کےڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل (ر) عبدالمنان کی سربراہی میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔
کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بہاولپور نے خفیہ اطلاع پر لال سوہانرا نیشنل پارک کے قریب ایک مشکوک کار کی تلاشی کے دوران 32 کلوگرام منشیات برآمد کرکے ملزم عبدالجبار کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے ساتھیوں اور منشیات کے خفیہ ذخیرہ گاہ کے بارے میں اہم انکشافات کیے۔
جس پر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے گرفتار ملزم عبدالجبار کی نشاندہی پر شاکر موڑ میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے78 ملین روپے مالیت کی384 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس، 92 کلوگرام افیون اور ایک کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئی۔ کارروائی کے دوران منشیات اسمگلنگ گینگ کی ایک خاتون رکن اور اس کے ایک ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، بھلوال، مظفر گڑھ، قصور، سمبڑیال، بہاولنگر، پتوکی، پاکپتن، عارف والا، کھاریاں، اکھڑا، پھول نگر اور دیگر علاقوں میں اپنا نیٹ ورک چلا رہے تھے اور مختلف منشیات فروشوں کو منشیات سپلائی کرتے تھے۔
ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔