بہاولپور(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کے زیراہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین ونگ کی نومنتخب عہدیداران کو نوٹیفکیشن جاری کیے گئے۔ تقریب میں ڈویژنل صدر خواتین ونگ صاحبزادی سائرہ عباسی، سابق ٹکٹ ہولڈر سید تطہیرالحسن پپو، پارٹی رہنما سید سعید الدین، ضلعی انفارمیشن سیکرٹری محمد فاروق علی مغل اور ضلعی نائب صدر بشیر جوئیہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ضلع بہاولپور خواتین ونگ کیلئے عشرت علی سید کو ضلعی صدر، نسرین بی بی کو تحصیل صدر، رانی بی بی کو سٹی صدر جبکہ صبحیہ بی بی کو سٹی جنرل سیکرٹری کے نوٹیفکیشن جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود کی جانب سے جاری کیے گئے۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر اعتماد کرکے اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور پارٹی کو بہاولپور میں مزید مضبوط بنانے کیلئے تمام جیالے متحد ہوکر کام کریں گے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ خواتین اور نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی سیاسی جماعت مکمل نہیں ہوسکتی۔ کارکنان کو ہدایت کی گئی کہ وہ عوام تک پارٹی منشور اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام خواتین کی مالی معاونت کا بڑا ذریعہ ہے جبکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ مزدور، کسان اور تنخواہ دار طبقے کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتی رہی ہے۔
سید تطہیرالحسن پپو نے اعلان کیا کہ 27 مئی بروز بدھ عید کے موقع پر شام پانچ بجے گھر گھر پاکستان پیپلزپارٹی کے پرچم لگائے جائیں گے اور کارکنان بھرپور انداز میں حصہ لیں گے۔
تقریب میں غلام عباس بلوچ، ڈاکٹر نیاز احمد، ظفر خان، عامر جیوا، وہاب قریشی، خرم شہزاد جون سمیت دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔ آخر میں پارٹی رہنما سید سعید الدین نے ملکی سلامتی، مخدوم سید احمد محمود اور بشیر جوئیہ کی صاحبزادی کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔