ہاولپور (نیوز ڈیسک) صدر مرکزی میلاد مصطفیٰ کمیٹی بہاولپور علامہ عبدالرزاق شائق اور امیر جماعت اہل سنت بہاولپور و ناظم اعلیٰ مرکزی میلاد مصطفیٰ کمیٹی مفتی محمد جاوید مصطفیٰ سعیدی کی قیادت میں وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر میں منعقد ہونے والے جلوسوں اور محافل میلاد کے روٹس سمیت متعلقہ مقامات پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر محمد قاسم معصومی، محمد ذوالقرنین مصباحی، سید چراغ شاہ، محمد اصغر، محمد عاشق، حافظ محمد اقبال مکی، حافظ محمد عمران سعیدی، حافظ محمد علی اصغر سعیدی، ڈاکٹر داؤد حفیظ، قاری جاوید صابری، چوہدری زاہد، قاری محمد جاوید سعیدی، حافظ محمد خلیل، سینئر منیجر آپریشنز محمد امتیاز اللہ اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔
سی ای او بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر قومی و مذہبی مواقع کی طرح جشن عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر بھی شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ سے قبل تمام جلوسوں کے روٹس، محافل میلاد کے مقامات اور مرکزی اجتماع گاہوں پر خصوصی صفائی کے انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔
محمد نعیم اختر نے عید گاہ میں منعقد ہونے والے مرکزی اجتماع سے قبل صفائی کے خصوصی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔