بہاولپور (نیوز ڈیسک) ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس ڈاکٹر ناصر حمید نے کہا ہے کہ خطے کی ادبی و ثقافتی روایات کے تحفظ اور فروغ کے ساتھ شعراء، ادیبوں اور تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کونسل کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن کے زیرِ اہتمام معروف شاعر عاطف نصیر کے شعری مجموعے ”انکسار“ کی تقریبِ رونمائی و پذیرائی کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف اہلِ قلم کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ہیں بلکہ معاشرے میں کتاب، ادب اور مثبت تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بھی ہیں۔ انہوں نے عاطف نصیر کو شعری مجموعہ ”انکسار“ کی اشاعت پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے ان کے ادبی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب میں اہلِ علم و ادب، شعراء کرام اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے عمران محمود اختر نے کہا کہ عاطف نصیر کا شعری مجموعہ ”انکسار“ ادبی ذوق کی آبیاری اور اردو شاعری کے فروغ کی جانب ایک قابلِ قدر پیش رفت ہے۔ ڈاکٹر راشد سعیدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادب انسانی شعور کی بالیدگی اور معاشرتی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سابق چیئرمین شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز، اسلامیہ یونیورسٹی، ڈاکٹر رانا شہزاد نے کہا کہ ادبی تقریبات نئی تخلیقی آوازوں کو متعارف کروانے، اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی اور علمی و ادبی مکالمے کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے زیرِ اہتمام تقریب کے انعقاد کو ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے اہم قرار دیا۔
تقریب میں پارس مزاری، محمد بلال، خالد محبوب، علی حامی، ناصر سیال، حفیظ طاہر، سید خرم پیرزادہ، محمد اقبال سانول، عبدالخالق قریشی، محسن رضا جوئیہ، واجد علی خان اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شریک تھے۔ عاطف نصیر کے شعری مجموعے ”انکسار“ کی تقریبِ رونمائی و پذیرائی کے دوسرے سیشن میں مشاعرے کا انعقاد بھی کیا گیا۔