بہاولپور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت نوجوان نسل کی کردار سازی، نظم و ضبط کے فروغ اور انہیں ذمہ دار شہری بنانے کے لیے بوائز سکاؤٹنگ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں پنجاب بوائز سکاؤٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کمشنر آفس بہاولپور میں تقریبِ حلف برداری منعقد ہوئی، جس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ڈویژنل بوائے سکاؤٹ ایسوسی ایشن بہاولپور کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ صوبائی سیکرٹری پنجاب بوائز سکاؤٹ ایسوسی ایشن محمد طارق قریشی نے ان سے حلف لیا۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بوائز سکاؤٹنگ نوجوانوں کی کردار سازی، نظم و ضبط، خود اعتمادی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو پروان چڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ سکاؤٹس میں ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا اور انہیں قومی خدمت کے جذبے سے سرشار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکاؤٹنگ کے ذریعے نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے، جو انہیں مشکل حالات کا مقابلہ کرنے، دوسروں کی مدد کرنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔ نوجوانوں کو باصلاحیت اور ذمہ دار شہری بنانے کے لیے سکاؤٹنگ کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی تربیت اور ان میں قومی خدمت کے جذبے کو مضبوط بنانے کے لیے سکاؤٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ پنجاب بوائز سکاؤٹ ایسوسی ایشن نوجوان نسل کی مثبت تربیت، نظم و ضبط اور خدمتِ انسانیت کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔
تقریب میں ڈویژنل سکاؤٹ آرگنائزر سید جاوید شاہ، سکاؤٹ ٹریننگ ٹیم کے ارکان، ممبر ٹریننگ ٹیم و ڈویژنل میڈیا کوآرڈینیٹر محمد یامین، چوہدری محمد شہباز اور بوائے سکاؤٹس نے شرکت کی۔