بہاولپور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اقراء ناصر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے شعبہ حادثات، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، مختلف وارڈز، شعبہ ریڈیالوجی، فارمیسی، تشخیصی لیبارٹری، ایکسرے روم اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے اور مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے طبی سہولیات، علاج معالجے اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔
دریں اثنا، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے احمد پور شرقیہ کے دورے کے دوران چوک منیر شہید، قینچی موڑ چوک اور مریم نواز ہیلتھ کلینک ڈیرہ نواب صاحب کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے قینچی موڑ پر جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مریم نواز ہیلتھ کلینک ڈیرہ نواب صاحب کے دورے کے موقع پر صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے امور میں غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سید حسن رضا نے ڈیرہ نواب صاحب میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول اور بوائز ہائر سیکنڈری سکول کا بھی دورہ کیا اور سکولوں کی عمارتوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے چوک منیر شہید پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔