بہاولپور (نیوز ڈیسک)میپکو سرکل بہاولپور میں بجلی چوری کی روک تھام، واجبات کی وصولی اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں، مختلف آپریشنل سب ڈویژنوں میں ریکوری ٹیموں نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے کارروائیاں کرتے ہوئے بجلی چوری کے متعدد کیسز پکڑ لیے، جبکہ واجبات کی عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع کرکے میٹرز، انورٹرز اور تاریں اتار لی گئیں اور بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تنصیبات قبضے میں لے لی گئیں۔
سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں لودھراں رورل سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ ایس ڈی او لودھراں رورل سب ڈویژن سہیل کمار کی سربراہی میں بستی پوکھار والا، بستی پوکھار والی پلی، بستی وجو والا، بستی بکھی والا، بستی نمبردار والی، بستی رنگ پور، بستی ڈھانہ، بستی لالے والا، بستی چمب موڑ، بستی فیض پور ٹبی اور ستلج پلی کے علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران 43 لاکھ 70 ہزار روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر 9 ڈیڈ ڈیفالٹرز کے بجلی کنکشن منقطع کرکے 2 انورٹرز، 1200 فٹ کیبل، میٹرز اور تاریں اتار لی گئیں۔
چیکنگ کے دوران 8 افراد مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ ان کے کنکشن منقطع کرکے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں اور میٹرز اتار لیے گئے، جبکہ مقدمات کے اندراج کے لیے کارروائی شروع کردی گئی۔
دوسری جانب میپکو جلہ سب ڈویژن بہاولپور میں میٹرز کی چیکنگ کے دوران 2 مقامات پر بجلی کے میٹروں میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ ایک میٹر کے ٹرمینل بلاک میں سوراخ کرکے ریڈنگ متاثر کرنے کی نشاندہی ہوئی، جبکہ دوسرے میٹر میں 9 ایمپیئر لوڈ کے باوجود ریڈنگ رک جانے کا معاملہ سامنے آیا۔ دونوں میٹرز اتار کر مزید تکنیکی جانچ کے لیے میٹرز اینڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔