تعمیر ملت موومنٹ اقتدار میں آکر پارلیمانی نظام کی جگہ صدارتی نظام متعارف کرائے گی
بہاول پور (نیوز ڈیسک) تعمیر ملت موومنٹ پاکستان کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر حافظ الخیر ایم جوئیہ نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی و انتظامی اصلاحات، کرپشن کے خاتمے، فوری انصاف کی فراہمی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات ناگزیر ہیں۔ تعمیر ملت موومنٹ پاکستان اقتدار میں آکر پارلیمانی نظام کی جگہ صدارتی نظام متعارف کرائے گی، جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات کو ان کی کارکردگی سے منسلک کیا جائے گا۔ وہ بہاولپور پریس کلب (رجسٹرڈ) میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈاکٹر حافظ الخیر ایم جوئیہ نے پارٹی کا نصب العین ’’ایمان، دعوت، تربیت، تنظیم، جہاد‘‘ بیان کرتے ہوئے 14 نکاتی منشور پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام متعارف کرانے کا مقصد سیاسی بلیک میلنگ کا خاتمہ اور مؤثر طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا ہے، تاکہ قومی ترقی کے لیے جرات مندانہ فیصلے کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وزراء، مشیران، بیوروکریٹس، ججوں، ڈاکٹروں، انجینئرز، اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ان کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کے مطابق مقرر کی جائیں گی، جبکہ میڈیکل، پنشن اور دیگر مراعات کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق 65 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو مفت علاج اور سفری سہولیات کی فراہمی بھی منشور کا حصہ ہے۔
چیئرمین تعمیر ملت موومنٹ نے کہا کہ ہر شہری کو میٹرک تک مفت تعلیم اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ قومی زبان اردو کے فروغ کے لیے سرکاری ڈگریوں اور تعلیمی نصاب کو اردو میں منتقل کرنے کی پالیسی اپنائی جائے گی، جبکہ عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے عدالتی و قانونی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخائر میں اضافے، نئے ڈیموں کی تعمیر، نہری نظام کی بہتری اور کسانوں کو پانی کی منصفانہ فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ بجلی اور گیس کے بلوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا بھی پارٹی کے منشور میں شامل ہے۔
اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ڈاکٹر حافظ الخیر ایم جوئیہ نے کہا کہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کی جان، مال، عزت اور عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری، باہمی احترام اور امن کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کی پالیسی اپنائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے میدانوں کی فراہمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سرکاری و غیر سرکاری سطح پر مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ ڈاکٹر حافظ الخیر ایم جوئیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعمیر ملت موومنٹ پاکستان رنگ، نسل، قوم، برادری اور مسلکی تعصبات سے بالاتر ہوکر بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ، قومی یکجہتی اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔