بہاولپور(نیوز ڈیسک)ڈپٹی کمشنرسید حسن رضا نے زنانہ جوبلی ہسپتال بہاولپور کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز، طبی شعبہ جات، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ذیشان رؤف نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد مریضوں کی بہتر نگہداشت کا بنیادی تقاضا ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہسپتال میں قائم فارمیسی کا بھی دورہ کیا اور ادویات کی دستیابی، اسٹوریج اور محفوظ رکھنے کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات کی بروقت فراہمی اور طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ بالخصوص ہسپتال آنے والی خواتین مریضوں کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ کرتے ہوئے انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول چاہ فتح خان کا دورہ کیا اور طالبات کو فراہم کی جانے والی تعلیمی و تدریسی سہولیات، تدریسی سرگرمیوں اور سکول کے مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف کلاس رومز میں طالبات سے نصابی سوالات پوچھ کر ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا اور خود بھی طالبات کو پڑھایا۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات کو تعلیم کی اہمیت، محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سکول میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، تدریسی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے اور طالبات کی تعلیمی استعداد میں اضافے کے لیے خصوصی توجہ دی جائے۔ اساتذہ کی حاضری، تدریسی کارکردگی اور طالبات کے تعلیمی نتائج کی باقاعدگی سے نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ تعلیمی اہداف کے حصول میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ انہیں باصلاحیت، ذمہ دار اور باکردار شہری بنایا جا سکے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن توکل حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول بستی خواجگان کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی و تدریسی سہولیات کا جائزہ لیا اور سٹیم کمپٹیشن کے حوالے سے طالبات کی جانب سے تیار کردہ مختلف سائنسی ماڈلز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طالبات کے تیار کردہ ماڈلز میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی محنت، لگن اور ذہانت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سائنسی سرگرمیاں طالبات میں تحقیق، تخلیقی سوچ اور عملی طور پر سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔