بہاولپور(نیوز ڈیسک)اسلامیہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ اہتمام بغداد الجدید کیمپس میں نئے آنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں گرینڈ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے ڈینز اور پرنسپلز کے ہمراہ نئے داخل ہونے والے طلبہ و طالبات کو جامعہ میں خوش آمدید کہا۔ تقریب کے دوران طلبہ و طالبات سے علمی لگن، تعلیمی ادارے سے وفاداری، حب الوطنی، اعلیٰ تعلیمی اقدار اور نظم و ضبط کی پاسداری کا حلف بھی لیا گیا۔
اس موقع پر پبلک سیکٹر جامعات میں طلبہ و طالبات کے لیے اپنی نوعیت کے منفرد ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’آئی یو بی کنیکٹ‘‘ چیٹ بوٹ کی بھی باقاعدہ لانچنگ کی گئی۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے یونیورسٹی کے ہزاروں طلبہ و طالبات متعلقہ شعبہ جات سے رابطہ کرکے اپنے مسائل کے فوری حل میں مدد حاصل کر سکیں گے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی اور تاریخی جامعہ ہے، جو شاندار علمی اور تہذیبی روایات کی امین ہے۔ یونیورسٹی میں طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ مصنوعی ذہانت اور بین الاقوامی زبانوں میں مہارت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مؤثر اظہار کر سکیں۔ اس سلسلے میں برٹش کونسل کے تعاون سے آئیلٹس امتحان کے لیے تربیتی اور امتحانی مرکز قائم کیا جا چکا ہے، جہاں دو بیچ کامیابی سے تربیت مکمل کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ مصنوعی ذہانت اور بین الاقوامی زبانوں پر عبور حاصل کرکے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم اور ملازمتوں کے لیے عالمی مسابقتی ماحول میں بہتر انداز سے اپنی جگہ بنا سکیں گے۔
پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے کہا کہ نئے آنے والے طلبہ و طالبات نظم و ضبط، باقاعدہ حاضری اور تدریسی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو اپنا معمول بنائیں۔ طلبہ کی کردار سازی اور ان میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے جامعہ میں مختلف سٹوڈنٹ سوسائٹیز موجود ہیں، جو انہیں مستقبل کے عملی میدان میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ان کی مادرِ علمی ہے، جہاں انہوں نے محنت اور لگن سے طالب علم سے پروفیسر تک کا سفر طے کیا اور آج پرو وائس چانسلر کے منصب پر فائز ہیں۔
ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے طلبہ و طالبات کو جامعہ میں دستیاب تدریسی و تعلیمی سہولیات، کھیلوں کی سرگرمیوں، سٹوڈنٹ سوسائٹیز، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات، ہاسٹلز اور دیگر سہولتوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور خصوصی ضروریات کے حامل طلبہ و طالبات کو گھر کی دہلیز سے کلاس روم تک سفری سہولت فراہم کرنے والی واحد یونیورسٹی ہے۔
تقریب کے دوران پرفارمنگ آرٹس سوسائٹی کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کرکے شرکا میں جوش و ولولہ پیدا کیا۔ تقریب میں شریک طلبہ و طالبات نے جامعہ میں داخلے اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو اپنی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ایک گھر کی مانند ہے، جہاں اساتذہ کرام والدین کی طرح ان کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی پر توجہ دیتے ہیں۔