بہاولپور(نیوز ڈیسک)پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب،تصویری نمائش اور ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنا تھا۔ تقریب میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈاکٹر ناصر حمید نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق اور ان کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی تقریبات اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے دوران یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقبوضہ کشمیر کے واقعات اور کشمیری عوام کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیر کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جبکہ مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور خصوصی ٹیبلوز پیش کرکے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ملک اللہ بخش کلیار اور ماہرِ تعلیم واجد علی چوہدری نے خصوصی شرکت کی۔ شرکا نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
بعد ازاں پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی بھی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز، پلے کارڈز اور کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔