لاہور / بہاول پور(نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کو جامعہ میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے ایک کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی فنڈ کا خصوصی چیک پیش کیا۔ یہ چیک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کی اختتامی تقریب کے موقع پر دیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی کرکٹ ٹیم پنجاب یونیورسٹی لاہور میں منعقدہ انٹر یونیورسٹی کرکٹ چیمپئن شپ میں رنرز اپ رہی تھی اور یہ انعامی رقم اسی کامیابی کے سلسلے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو دی گئی ہے۔
تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس امجد فاروق وڑائچ، قاضی عرفان خلیل اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس، کوچ نوید اشرف، ٹرینر و فیلڈنگ کوچ اور کپتان حافظ غلام محمد سمیت کرکٹ ٹیم کے اراکین بھی موجود تھے۔
کھیلوں کے شعبے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی قومی سطح پر پذیرائی نے خطہ بہاولپور میں کھیلوں کے شائقین میں نیا جوش اور ولولہ پیدا کیا ہے اور قیام پاکستان کے وقت سے بہاولپور میں ہونے والی عالمی سطح کی کرکٹ کی یادیں تازہ کردی ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور علاقے میں دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ جامعہ کے تمام کیمپسز میں بہترین کرکٹ گراؤنڈز موجود ہیں، جبکہ بغداد الجدید کیمپس میں عالمی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم بھی قائم ہے۔
