بہاول پور(نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) نے پی بی سی سی ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی 2026 (گریڈ ون) کے فائنل میں اسلام آباد کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آزاد جموں و کشمیر کی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔
نثار علی نے 64 گیندوں پر 20 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 128 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، جبکہ طلحہ اقبال نے 39 گیندوں پر 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ شاندار کارکردگی پر نثار علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انیس جاوید کی 68 گیندوں پر 131 رنز کی دھواں دار اننگز اور اکمل حیات ناصر کے 64 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے 205 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم آزاد جموں و کشمیر نے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کر لی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ تھے۔ اس موقع پر کونسل کے عہدیداران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی اور فاتح و رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔
ٹورنامنٹ کے انفرادی اعزازات میں بہترین بی ون (B1) کھلاڑی کا ایوارڈ آزاد جموں و کشمیر کے محمد ادریس سلیم، بہترین بی ٹو (B2) کھلاڑی کا اعزاز اسلام آباد کے انیس جاوید، بہترین بی تھری (B3) کھلاڑی کا ایوارڈ ملتان کے محمد صفدر، جبکہ بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز لاہور کے اشرف رمضان نے حاصل کیا۔