آر پی اوغازی صلاح الدین براہِ راست نگرانی کریں گے،تفتیشی افسران کی کارکردگی کی روزانہ جانچ پڑتال ہوگی
بہاول پور(نیوز ڈیسک)ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے سنگین جرائم کے مقدمات کی تفتیش کا معیار بہتر بنانے، تفتیشی عمل کی مؤثر نگرانی اور خامیوں کی بروقت نشاندہی کے لیے آر پی او آفس میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے۔
خصوصی سیل روزانہ کی بنیاد پر بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے تھانوں میں درج سنگین جرائم کے مقدمات کی مثلیں متعلقہ تفتیشی افسران سمیت طلب کرے گا۔ مقدمات کی مثلوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ تفتیشی خامیوں کی نشاندہی، قانونی تقاضوں اور شواہد کی درست جانچ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس خصوصی سیل میں ایس ایس پی/آر آئی بی کلیدی کردار ادا کریں گے، جبکہ اس کی براہِ راست نگرانی آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین خود کریں گے۔
آر پی او غازی محمد صلاح الدین کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم کی تفتیش میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تفتیشی افسران کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی، شواہد کی درست جانچ اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے ذریعے تفتیش کا معیار بہتر بنایا جائے گا تاکہ متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔