بزنس فیسیلیٹیشن کمیٹیوں اور ایف بی آر فیسوں میں کمی کے ثمرات سامنے آنے لگے،چیئرمین النور گروپ
بہاولپور(نیوز ڈیسک)چیئرمین بلڈرز ایسوسی ایشن ساؤتھ پنجاب ملتان، چیئرمین النور گروپ اور ڈائریکٹر ایئرسیال معروف بلڈر مہر محمد اشرف سیال نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کیلئے مثبت پالیسیوں، کاروباری آسانیاں پیدا کرنے اور تعمیراتی شعبے کو سہولیات کی فراہمی کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آرہی ہے۔ بزنس فیسیلیٹیشن کمیٹیوں کے قیام اور ایف بی آر کی جانب سے فیسوں میں کمی کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں، جبکہ حکومتی اقدامات کے باعث بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ملک میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور پریس کلب (رجسٹرڈ) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
مہر محمد اشرف سیال نے کہا کہ افواج پاکستان، وفاقی حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کاروبار دوست پالیسیوں اور مؤثر اقدامات کے باعث کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع میسر آرہے ہیں۔ تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس شعبے سے وابستہ افراد کو سہولیات کی فراہمی اور کاروباری رکاوٹوں میں کمی سے نہ صرف سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے بلکہ تعمیراتی سرگرمیوں کو بھی فروغ مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت ای ویز کے ذریعے حاصل پور میں ہاؤسنگ کالونی اور کمرشل پلازہ جات کے نقشوں کی منظوری کا عمل صرف 48 گھنٹوں میں مکمل کیا گیا، جو کاروباری سہولت کاری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ اس طرح کے اقدامات سے تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کو ریلیف مل رہا ہے اور منظوری کے عمل میں آسانی پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کمشنر بہاولپور، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور میونسپل کارپوریشنز لودھراں، بہاولپور اور حاصل پور کے حکام کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے کاروباری سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔
کم آمدنی والے افراد کیلئے تین، چار اور پانچ مرلہ کے کم لاگت ہاؤسنگ منصوبے شروع کیے جائیں گے
مہر محمد اشرف سیال نے بتایا کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور حاصل پور میں کم آمدنی والے افراد، اساتذہ، ملازمین اور صحافیوں کیلئے تین، چار اور پانچ مرلہ کے کم لاگت ہاؤسنگ منصوبے شروع کیے جائیں گے، تاکہ محدود آمدنی رکھنے والے طبقات کو اپنی چھت کی فراہمی کے مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ النور گروپ کے 29 ہاؤسنگ پراجیکٹس ہیں اور حاصل پور میں ٹیکسوں کی مد میں 12 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کرائی گئی ہے۔ ان کے بقول ان کا ادارہ پنجاب بھر میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے اداروں میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گرین زون، براؤن زون اور کمرشل زونز کی واضح درجہ بندی کر دی ہے، جس کے تحت گرین ایریاز میں ہاؤسنگ اسکیموں کی منظوری نہیں دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد زرعی زمینوں اور سبز علاقوں کا تحفظ کرتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں کو مقررہ زوننگ پالیسی کے مطابق آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کم آمدنی والے طبقے کو اپنی چھت فراہم کرنے کیلئے کم لاگت ہاؤسنگ اسکیمیں متعارف کرانے کی ہدایات دی ہیں۔ النور گروپ بھی اس سلسلے میں النور گارڈن فیز 6 کے قیام کا عزم رکھتا ہے، جبکہ حکومتی پیکیج کے تحت مزید منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
بہاولپور سے جدہ کیلئے ایئرسیال کی براہِ راست پروازوں کے شیڈول کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں
مہر محمد اشرف سیال نے ایئرسیال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایئرسیال پاکستان کی بڑی نجی ایئرلائنز میں شامل ہے اور اس کا آپریشنل نیٹ ورک بھی وسیع ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ حکومتی تعاون سے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بہاولپور سے جدہ کیلئے براہِ راست پروازوں کا باقاعدہ شیڈول شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف بہاولپور بلکہ پورے جنوبی پنجاب کے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں عمرہ سمیت دیگر سفری مقاصد کیلئے دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔