بہاول پور(نیوز ڈیسک)ریجنل پولیس آفیسرغازی محمد صلاح الدین نے منشیات فروشی کے جھوٹے مقدمے کے اندراج، مبینہ ملی بھگت اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر انسپکٹر سہیل اصغر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر منیر احمد کو ملازمت سے برطرف کر دیا، جبکہ ناقص تفتیش پر سب انسپکٹر اسامہ الطاف کو دو سال کے لیے تنخواہ میں ایک درجہ کمی کی سزا سنائی۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہزاد سرور کی برطرفی کے خلاف اپیل بھی مسترد کر دی۔
ریجنل پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین کی زیر صدارت اردل روم
ریجنل پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین کی زیر صدارت منعقدہ اردل روم میں محکمانہ اپیلوں اور پولیس اہلکاروں کے خلاف الزامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ منشیات فروشی کے جھوٹے مقدمے کے اندراج اور مبینہ ملی بھگت کے معاملے میں مکمل محکمانہ انکوائری کے بعد دونوں اہلکاروں کی برطرفی کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ ناقص تفتیش پر سب انسپکٹر اسامہ الطاف کو محکمانہ سزا دی گئی۔
ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور نے واضح کیا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال، اختیارات سے تجاوز اور محکمانہ بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس فورس میں احتساب، نظم و ضبط اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سخت محکمانہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔