بہاولپور(نیوز ڈیسک)سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کیلئے ملک گیر عوامی آگاہی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے نئے اور چھوٹے صوبوں کا قیام اور بلدیاتی نظام کا مؤثر نفاذ ناگزیر ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کیلئے باقاعدہ مہم کا آغاز آج بہاولپور سے کیا جائے گا۔ وہ اوچ شریف میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
چھوٹے صوبوں کے قیام سے ملک خوشحال ہوگا
محمد علی درانی نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے قیام سے ملک خوشحال ہوگا، پاکستان کو آگے بڑھانا ہے تو نئے صوبے بنانا ہوں گے۔ اس وقت پورے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، چھوٹے صوبے اور مقامی حکومتیں پاکستان کی خوشحالی کا ذریعہ بنیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی پہلے ہی بہاولپور کی صوبائی حیثیت بحال کرنے کی قرارداد منظور کر چکی ہے، اس لیے بہاولپور اور ہزارہ سمیت ملک بھر میں نئے صوبے فوری قائم کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو سیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کریں گی، وہ وقت کے ساتھ اپنی سیاسی اہمیت کھو دیں گی۔
بہاولپور سے نئے صوبوں کے قیام کیلئے ملک گیر عوامی آگاہی تحریک شروع کرنے کا اعلان
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کیلئے عوامی آگاہی تحریک کا آغاز آج بہاولپور سے کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں محمد علی درانی نے حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے حکومتی الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے جائز تحفظات دور کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔