بہاولپور(نیوز ڈیسک)یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ بہاولپور کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس سے جنرل پوسٹ آفس تک ریلی نکالی گئی، جس میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز محمد زبیر اور اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین نے کی۔
ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، پیرا فورس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، محکمہ سکول ایجوکیشن کے نمائندگان، سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر مجتبیٰ منظور، فلائٹ لیفٹیننٹ مجاہد وسیم درانی، اسسٹنٹ کمشنر شاہ نواز کاٹھیا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس نوشابہ ملک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز محمد زبیر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے پاکستان کی حمایت بدستور جاری رہے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین نے کہا کہ کشمیری عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں، پوری پاکستانی قوم ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس مجتبیٰ منظور نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا فوری نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس نوشابہ ملک نے کہا کہ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے اور عالمی برادری کو ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور زندگی کے مختلف شعبوں میں ان کا استحصال عالمی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دیا جائے اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سلسلہ بند کرایا جائے۔
ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی، سلامتی اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔