کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ پولیس میں انتظامی بنیادوں پر سینئر پولیس افسران کے تبادلوں اور نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی سی ٹی ڈی کراچی ذیشان شفیق صدیقی کو تبدیل کرکے ایس ایس پی ضلع سینٹرل کراچی تعینات کر دیا گیا ہے۔ ذیشان شفیق صدیقی اس سے قبل بھی ایس ایس پی سینٹرل کے عہدے پر فرائض انجام دے چکے ہیں، تاہم بعدازاں سینئر مینجمنٹ کورس کے لیے منتخب ہونے پر انہیں ایس ایس پی سی ٹی ڈی کراچی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ سینئر مینجمنٹ کورس مکمل کرنے کے بعد اب انہیں دوبارہ ایس ایس پی سینٹرل تعینات کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امجد احمد شیخ کو اے آئی جی اسٹیٹ مینجمنٹ سی پی او سندھ کراچی سے تبدیل کرکے ایس ایس پی ضلع خیرپور، بشیر احمد بروہی کو اے آئی جی آپریشنز سی پی او سندھ سے تبدیل کرکے ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کراچی رینج تعینات کیا گیا ہے۔ شبیر احمد سیٹھار کو ایس ایس پی ضلع ٹنڈو الہ یار، ڈاکٹر محمد عمران خان کو ایس ایس پی ضلع سینٹرل کراچی سے تبدیل کرکے ایس ایس پی ضلع ایسٹ کراچی اور کیپٹن (ر) میاں حسنین اقبال کو ایس ایس پی ضلع ویسٹ کراچی تعینات کیا گیا ہے، جبکہ محمد مراد کو ایس آئی یو کراچی رینج سے تبدیل کرکے ایس ایس پی ضلع دادو مقرر کر دیا گیا ہے۔