بہاولپور(نیوز ڈیسک)اسلامیہ یونیورسٹی میں کلچرل پروموشن سوسائٹی، ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز اور گلگت بلتستان اسٹوڈنٹ کمیونٹی کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد خطے کی تاریخی جدوجہدِ آزادی، منفرد ثقافتی ورثے اور پاکستان کے ساتھ اس کے لازوال رشتے کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کی تحریکِ آزادی، ڈوگر مہاراجہ کے خلاف عوام کی بہادرانہ جدوجہد، قربانیوں اور پاکستان کے ساتھ الحاق کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔
پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے طلبہ و طالبات کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے طلبہ کے جوش و جذبے، ثقافتی شناخت اور یونیورسٹی کی سرگرمیوں میں ان کی فعال شرکت کو سراہا۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کا پیغام بھی پہنچایا، جس میں انہوں نے گلگت بلتستان کے طلبہ و طالبات کی جانب سے اس شاندار ثقافتی تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ثقافتی تنوع، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے مختلف ثقافتی اور علاقائی پس منظر رکھنے والے طلبہ و طالبات کو اپنی روایات، زبانوں، ورثے اور شناخت اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ملک بھر سے آنے والے طلبہ و طالبات کی ثقافتی نمائندگی کے لیے مختلف پروگراموں کا انعقاد کرتی رہی ہے، جن میں پشتون ثقافتی تقریبات بھی شامل ہیں، جبکہ گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کا جشن اسی سلسلے کی ایک اور اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرگرمیاں یونیورسٹی کے اس وژن کے تحت جاری رہیں گی جس کا مقصد قومی اتحاد، ثقافتی ہم آہنگی اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور مختلف خطوں، زبانوں، روایات اور ثقافتی پس منظر رکھنے والے لوگوں کا ایسا گلدستہ ہے جو پورے پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس طرح کی تقریبات طلبہ و طالبات کو ایک دوسرے کے ثقافتی ورثے کو سمجھنے اور اس کی قدر کرنے کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ مشترکہ قومی شناخت کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔
ثقافتی میلے میں روایتی رقص، علاقائی ملبوسات، تصاویر کی نمائش اور گلگت بلتستان کے دلکش قدرتی مناظر سمیت خطے کی ثقافتی جھلکیاں پیش کی گئیں۔ طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیتے ہوئے اپنے خطے اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا اور اپنے آبائی علاقے کی منفرد روایات اور مہمان نوازی کو اجاگر کیا۔ یہ پروگرام تنوع میں اتحاد کے جذبے کا خوبصورت عکاس تھا۔ کلچرل پروموشن سوسائٹی کے مشیر ڈاکٹر اطہر محمود لاشاری نے تقریب کے انعقاد میں تعاون پر وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز کا شکریہ ادا کیا۔
